بھٹکل 17/اگست (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے ماون کوروے سمندر میں غرق ہوکر ایک ماہی گیر لاپتہ ہوگیا، البتہ اسی کشتی پر سوار دوسرا ساتھی سمندری لہروں سے جوجتے ہوئے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ یہ واردات آج سنیچر صبح پیش آئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چھ ماہی گیر تین کشتیوں پر سوار ہوکر صبح چار بجے ماہی گیری کرکے واپس لوٹ رہے تھے کہ اونچی اُٹھتی سمندری لہروں میں ایک کشتی اُلٹ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اُلٹنے والی کشتی پر سوار تنویر ایوب بُڈے (22) سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا، البتہ اس کا ساتھی دوسری کشتی تک پہنچ کر کنارے واپس آنے میں کامیاب ہوگیا۔
غرق ہوکر لاپتہ ہونے والے تنویر کو سمندر میں تلاش کیا جارہا ہے،مقامی ماہی گیروں کے ساتھ ساتھ ہوناور پولس کے اہلکار اور کوسٹ گارڈ کے اہلکار بھی اس کی تلاش میں جُٹ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ دو ہفتوں سے زبردست بارش جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تین دن پہلے تک ماہی گیروں کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ سمندر میں جانے سے گریز کریں، مگر گذشتہ تین دنوں سے بارش میں تھوڑی بہت کمی ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماہی گیروں کے لئے مچھلیوں کے شکار کے لئے پابندی ہٹالی گئی تھی، خیال کیا جاتا ہے کہ پابندی ہٹتے ہی ماہی گیر مچھلیوں کے شکار کے لئے اُترے تھے، جس کے دوران کشتی پلٹنے کا حادثہ پیش آیا۔
لاپتہ تنویر کا تعلق ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ سے بتایا گیا ہے۔